ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم آل راؤنڈر یووراج سنگھ زخمی ہونے کے باعث ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہوگئے ہیں جسے سیمی فائنل سے قبل بھارت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے
۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں جمعرات کو میزبان بھارت کا مقابلہ کالی آندھی سے ہونے جارہا ہے اوراس اہم مقابلے سے قبل بھارتی ٹیم کے جارحانہ مزاج آل راؤنڈر یووراج سنگھ ٹخنے کی انجری کے باعث ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یووراج سنگھ گزشتہ اتوار کو آسٹریلیا سے ہونے والے اہم میچ میں بیٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد ان کی جگہ بھارتی ٹیم میں 26 سالہ مڈل آرڈر بلے باز منیش پانڈے کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یووراج سنگھ 2007 سے ہونے والے تمام ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں اور بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں ان کی حیثیت انتہائی اہم ہے جب کہ اپنی اسپن بولنگ سے بھی وہ متعدد میچوں میں بھارت کو فتوحات دلواچکے ہیں، اس لیے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اہم میچ میں یووراج سنگھ کے نہ ہونے سے بھارتی ٹیم کو کافی نقصان ہوسکتا ہے۔
No comments:
Post a Comment